حمزہ شہباز

اب رات کے اندھیرے میں عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، نیازی صاحب نے جب نوٹس لیا قیمتیں مزید بڑھ گئیں’حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اب رات کے اندھیرے میں عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، ابھی زخم بھرے نہیں تھے پٹرول پھر آٹھ روپے مہنگا کر دیا گیا، نیازی صاحب نے جب نوٹس لیا قیمتیں مزید بڑھ گئیں،یہ کہا گیا کہ کورونا کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا،وزیر اعظم سوچتا کم اور بولتا زیادہ ہے ،کوئی انہیں سمجھائے کہ سونامی کا مطلب تباہی ہوتی ہے ،لوگ ہم سے بھی پوچھیں گے کہ ان کے بچے بھوکے مر رہے تھے تو آپ نے کیا کیا تھا ،(ن) لیگ عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی ، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر اس آئینی راستہ نکال کر ملک کو بحران سے نکالیں۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 2018 میں پٹرول 78 روپے فی لٹر تھا، پچھلے دنوں پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا تھا، عمران نیازی کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، عمران خان کو جھوٹ کا تمغہ ضرور ملنا چاہیے، عمران نیازی قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، ان کے منہ سے ہمیشہ سونامی سنا ہے جس کا مطلب تباہی ہوتا ہے، پاکستان میں فی کس آمدن دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، اپنی انا ء سے نیچے اتر کر عوام کا احساس کریں، عوام مر رہے ہیں، بنی گالہ کا شہزاد چین کی بانسری بجا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ بنی گالا کا گھر ریگولرائز ہو جاتا ہے غریب کا ٹھیلہ مسمار کر دیا جاتا ہے، داخلی و خارجی محاذ پر پاکستان کو سبکی اٹھانا پڑتی ہے، ایوان وزیراعلی میں سودے بازی سے پولیس افسران تعینات ہوتے ہیں، ملک کی کھسکتی ہوئی معیشت ہاتھ سے جا رہی ہے، عمران خان نوٹس لینا چھوڑ دیں کیونکہ قیمتیں بڑھ جاتی ہیں،اب عوام عمران نیازی کا نوٹس لیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ رات کے اندھیرے میں پٹرول بم گرایا اور عوام پر ظلم ڈھایا جاتا ہے،4 سالوں میں اس حکومت نے کچھ نہیں کیا ،4 سالوں میں مہنگائی، بیروزگاری، بدتہذیبی کا سونامی آیا ہے ،خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے ۔انہوںنے کہا کہ3 مرتبہ نیب آرڈیننس میں ترمیم آئی ہیں حالانکہ یہ شخص کہتا تھا کہ میں این آر او نہیں دوں گا،اس کے حواریوں نے آٹا اور چینی برآمد کی اور پھر مہنگے داموں درآمد کی ،اپنے لوگوں کو ہر روز این آر او دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے انتقام لینے کا بھی حساب کیا جائے گا،آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا یوم حساب ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ لوگ ہم سے بھی پوچھیں گے کہ ان کے بچے بھوکے مر رہے تھے تو آپ نے کیا کیا تھا ۔

گزارش ہے کہ عوام اورپاکستان عمران نیازی کی کرپشن اور نااہلی کا متحمل نہیں ہو سکتا،یہ لوگ اقتدار سے چمٹے رہے تو ہر دن غریب پر بھاری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈینگی کا خاتمہ کر دیا تھا لیکن آج لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں ،مسلم لیگ (ن)عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی ،سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر اس آئینی راستہ نکال کر ملک کو بحران سے نکالیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں