رانا تنویر حسین

نا لائق حکمرانوں نے عوام کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرپٹرولیم مصنوعات ،بجلی قیمتوں میں اضافہ کرکے زندہ درگورکردیا ہے ، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما اور چیئر مین پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ نا اہل نا لائق حکمرانوں نے آزاد خود مختار مملکت خداداد پاکستان کے 22کروڑ عوام کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )کی ڈکٹیشن پرمسلسل پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے زندہ درگورکردیا ہے

سلیکٹیڈ وزیراعظم کا قوم سے خطاب غربت وافلاس، مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور اکیسویں صدی کا سب بڑا جھوٹ اور بھونڈا مذاق تھاجس وزیر اعظم کے ارد گرد ملک کے بڑے مافیاز بیٹھے ہوں وہ کس طرح غریب عوام کو ریلیف دے گا؟قوم آج اس شخص کو ڈھونڈ رہی ہے جو کنٹینر پر چڑھ کر 126دن کہتا رہا کہ وہ کبھی آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائے گا ڈالر، پٹرول سمیت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گا 200ارب ڈالر زملک میں لیکر آئے گا ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ لو گوں کو گھر دے گا کشکول لیکر بھیک نہیں مانگے گا آئی ایم ایف کے پاس گیا تو خود کشی کر لے گا ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل عمران نیازی سے نجات اور ملک میں غیر جانبدار شفاف انتخابات ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سابق ایم این اے رانا افضال حسین، پیر اشرف رسول ایم پی اے، سا بق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر،میڈ یا کو آرڈنیٹر ندیم گورایہ اور لیگی رہنماء میاں مدثر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کیا،را نا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ ملک پر مسلط کئے گئے نا اہل و نا لائق حکمرانوں کے جا نے کا وقت آگیا ہے حکومت کی غریب مکاؤ پالیسیوں کے خلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہے عوام پر پٹرول اور بجلی بم گرانے والوں کا جا نا ٹھہر چکا ہے

انہوں نے کہا کہ تین سالوں سے احتساب کے نام پر مسلم لیگ(ن) سمیت اپوزیشن جماعتوں کی قیادت اور رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے حکومت نیب گھٹھ جوڑ پاکستانی قوم سمیت پوری دنیا پر عیا ں ہو چکا ہے عمران نیازی کے اردگرد ملکی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹنے والے مگر مچھ پوری قوم کو نظر آرہے ہیں مگر نیب کو نظر نہیں آتے؟انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی سب سے بڑی فا شسٹ حکومت ثابت ہو ئی ہے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا یوم حساب قریب آگیا ہے انہوں نے لیگی رہنماؤں پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو تیز کردیں اور نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں 2022ء میں عام انتخابات ہو نگے مسلم لیگ(ن) قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کا میاب ہو گی اور ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ وہیں سے شروع کرینگے جہاں ہم چھوڑ کر گئے تھے انشااللہ اپنی آنیوالی نسلوں کو خودمختار،روشن اور خوشحال پاکستان دیکر ملک وقوم کا مستقبل تابناک بنائینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں