لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست تنزلی کی اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ اب انہیں ایک دوسرے کا کندھا استعمال کرنا پڑ رہا ہے ،حکومت کو اپوزیشن کی سر گرمیوں سے کوئی خطرہ نہیں کیونکہ اس وقت اپوزیشن جماعتیں خود اپنی حیثیت منانے کے جتن کر رہی ہیں ،اپوزیشن ملک و قوم کے مسائل کو پیش نظر رکھ کر نہیںآئندہ عام انتخابات کیلئے تیاری کر رہی ہیں لیکن انہیں عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیںپارٹی رہنمائوں اورحلقے کے اکابرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جوملک و قوم کے مفاد کے بارے سوچتے ہیںوہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد نہیںکرتے بلکہ خودکو ایک کمرے میںبند کر کے کئی کئی گھنٹے بحث ومباحثہ ہوتا ہے۔
پی ڈی ایم اپنے ماضی کے کرتوتوںکی خلاف ضرور مارچ کرے اور اسے عوام سے معافی بھی مانگنی چاہیے ۔ اپوزیشن ضرور سیاسی سر گرمیاں کرے لیکن یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہونی چاہئیں جس کا حکومت خیر مقدم کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ جن کی اپنی سیاست حالت نزاع میں ہو اس سے حکومت کو کیا خطرات لا حق ہو سکتے ہیں ، ہم ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ اپوزیشن مقابلے پر نہ ہو لیکن انہیں کرپشن کے نظریات اور بیانیے کو چھوڑنا ہوگا ۔



