پاکستان مسلم لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایک بار پھر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر سخت تشویش کااظہار

خانیوال (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمران کبھی مہنگائی کا الزام مافیا ، کبھی کورونا اور کبھی عالمی منڈیوں پر لگاتے ہیں،آئی ایم ایف سے معاہدہ پاکستان کی خود مختیاری کا سودا ہے،پیپلز پارٹی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے طور پر کام کررہی ہے۔

ان خیالات کااظہار لیگی رہنما احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کر دیاہے ، مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے ، حکمران کبھی مہنگائی کا الزام مافیا پر، کبھی کورونا پر، کبھی عالمی منڈیوں پر لگاتے ہیں۔۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزراء صبح شام عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ پاکستان کی خود مختیاری کا سودا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہاکہ 2018ء کی تبدیلی ملک کی معاشی حالات تباہ کرگئی۔انہوںنے کہاکہ ڈسکہ الیکشن دندھالی میں وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، فردوس عاشق اور دیگر ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ 206 ء کا الیکشن ہمیں ہر صورت میں فری اینڈ فیئر بنانا ہے۔ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے طور پر کام کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو نکالا نہیں بلکہ انہوں نے خود اسے چھوڑا ہے۔رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ یہ دونوں ہی پارٹیاں واپس آنا چاہیں تو اس کے فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں