وزیر اعظم کا افغانستان میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے بی بی سی کی افغانستان سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں افغانستان میں انسانی بحران سے خبردار کرتا آیا ہوں اور اب یہی بات ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ بھی کہہ رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ٹوئٹ میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں انسانی بحران سے خبردار کرتا ہوں اب ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ بھی الرٹ جاری کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پاکستان، افغانستان کو انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن ریلیف فراہم کرتا رہے گا لیکن بین الاقوامی برادری کو اب ایکشن لینا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اب عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کو درپیش اس انسانی تباہی کو روکے۔واضح رہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ نے افغانستان میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 30 لاکھ افراد کو مدد فراہم کر رہے ہیں تاہم بھوک و افلاس کے شکار افراد کی افغانستان میں تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں