ہمایوں اخترخان

عوام قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والی اپوزیشن کا کڑامحاسبہ کرینگے’ ہمایوں اخترخان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیرہمایوںاخترخان نے کہا ہے کہ عوام وقت آنے پر قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والی اپوزیشن کا کڑامحاسبہ کریں گے ،ووٹ کوعزت دو کا نعرہ تولگایا جاتا ہے لیکن تحریک انصاف کو ووٹ کے ذریعے ملنے والا پانچ سال کا مینڈیٹ آپ کوہضم نہیں ہو رہا،جس طرح وزیر اعظم عمران خان دیگر چیلنجز سے کامیابی سے نبرد آزما ہوئے ہیںانشا اللہ اسی طرح مہنگائی پر بھی جلد قا بو لیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوںاور حلقے کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوںاخترخان نے کہاکہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ملک جن گھمبیر مشکلات سے دوچار ہوا کیا اس کی ذمہ دار تین سال سے اقتدارمیں آئی ہوئی تحریک انصاف کی حکومت ہے ؟، اپوزیشن والے عوام کی آنکھوںمیں دھول نہیںجھونک سکتے کیونکہ عوام اب باشعور ہیں اور وہ ماضی کی حکومتوں کی نام نہاد ترقی کے دعوئوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ساری اپوزیشن کے مفادات کی نوعیت ایک ہی طرح کی ہے اس لئے انہیں ایک دوسرے کا کندھا استعمال کرنا پڑتاہے اور حالیہ ملاقاتیں بھی اس کی کڑی ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر اپوزیشن ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اورانتخابی عمل میں شفافیت چاہتی ہے تو میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر انتخابی اصلاحات کے عمل کومکمل کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بیٹھے اوراپنی مثبت تجاویزدے۔ عوام صرف حکومت کی کارکردگی نہیں جانچ رہے بلکہ وہ اپوزیشن کے کرداربھی کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اورعام انتخابات میں اپنابہترین فیصلہ سنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں