بلاول بھٹو زر داری

بلاول بھٹو زر داری کو شہباز شریف کا فون ،پارلیمانی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے فون کیا جس میں پارلیمانی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پیر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس اور اپوزیشن کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی۔ بلاول بھٹو زر داری نے شہباز شریف سے مکالمہ کیاکہ پارلیمان کے ذریعے حکومت کی تمام پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پارلیمان وہ فورم ہے کہ جہاں عوامی نمائندگان عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں، خوشی ہے کہ اپوزیشن نے مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے پارلیمان کے محاذ پر حکومت کو کئی بار شکست سے دوچار کیا ۔

بعد ازاں شہبازشریف نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کیا ۔ اپوزیشن لیڈر نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپائو، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔شہبازشریف نے اے این پی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، شفیق ترین اور بلوچستان پارٹی کے ڈاکٹر عبداالمالک بلوچ ، محسن داوڑ کو بھی ٹیلی فون کیا ۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا ۔شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔

شہباز شریف نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ا پوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا۔ شہبازشریف نے کہاکہ آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں