ہمایوں اختر خان

پی پی ،(ن) نے انتخابی نظام کو ہائی جیک کیا ہوا تھا اسی لئے انتخابی اصلاحات کی مخالفت کی گئی ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نظام کو ہائی جیک کیا ہوا تھا اس لئے پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کی شدت کے ساتھ مخالفت کی گئی ،دونوں جماعتوں کا ووٹ بینک دھونس اور دھاندلی کی مرہون منت ہے جو شفاف انتخابات کے نتیجے میں اب کہیں نظر نہیں آئے گا،چور راستوں سے ایوانوں میں پہنچ کر چور بازاری کے راستے بند ہو گئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور حلقے کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا ترانہ بنانے والے حقیقت میں ووٹ کی عزت نہیں چاہتے وگرنہ پارلیمنٹ میں کبھی بھی اصلاحات کے خلاف مزاحمت نہ کی جاتی۔پوری قوم نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا پارلیمنٹ میں منفی کردار دیکھ لیا ہے اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی نے بوگس اور فرسودہ نظام کے ذریعے اپنی سیاست کو تقویت پہنچائی، اصلاحات پر مبنی قانون سازی سے اپوزیشن کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں،” واردات”کے ذریعے اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے والے اب سکتے کی حالت میں ہیں، 2023 کے عام انتخابات عوام کی حقیقی امنگوں کے مطابق ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں