وزیراعلی پنجاب

حکومت نے کورونا کے دوران بھی بزنس کمیونٹی کیلئے ریلیف پیکیج دیا، وزیراعلی پنجاب

لاہور (گلف آن لائن ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران بھی بزنس کمیونٹی کے لئے ریلیف پیکیج دیا، تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کررہے ہیں، یہ معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجم نثار کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیراعلی عثمان بزدار نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جلد پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران بھی بزنس کمیونٹی کے لئے ریلیف پیکیج دیا اور کاروبار کو جاری رکھا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کررہے ہیں، یہ معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کھاد سے متعلقہ ایشوز حل کریں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہوگی، صنعتکاروں کے ساتھ کسانوں کے مسائل کا بھی پورا احساس ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کھاد کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں، کھاد سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کو کھاد سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں، فضائی آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جارہی ہے، کسی فیکٹری کے خلاف بلاجواز ایکشن نہ لیا ہے اور نہ لیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پانی کے ٹیرف کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے آپ کے مطالبے کا ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا۔ ملاقات میں وفد نے مسائل کے حل کے لئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں