ہمایوں اختر خان

احتساب کی ٹرین منزل مقصود پر پہنچے گی تو پاکستان آگے بڑھے گا ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کی مقبولیت کم ہونے کی دعویدار بھی ہے لیکن دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی کامیابیوں سے خوفزدہ بھی ہے جو ان کے چہروں سے صاف عیاں ہے ، اگر کوئی جماعت اپنے نظریے پر قائم ہے تو وہ صرف پاکستان تحریک انصاف ہے ، احتساب کی ٹرین منزل مقصود پر پہنچے گی تو پاکستان آگے بڑھے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 131کے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے دیرینہ مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی او رمسلم لیگ (ن) سکڑ کر خاص علاقوں تک محدود ہو گئی ہیںجبکہ تحریک انصاف اس وقت واحد جماعت ہے جس کی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں بھرپور نمائندگی ہے اور اس نے خود کو ایک قومی جماعت کے طو رپر منوایا ہے ۔

تحریک انصاف کا ووٹ بینک بڑھا ہے اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کرنی ہیں تو ہمیں مینو فیکچرننگ ،سروسز، زرعی اور معیشت کے مختلف شعبوںمیں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا ہوں گی اور مشکل ہدف ہونے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اس پر پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہی اقدامات ہمارے سیاسی مخالفین کو ایک آنکھ بھاتے ہیں اور نہ ہضم ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں