جمشید اقبال چیمہ

پی پی ، (ن)لیگ کرپشن کے پیسے کے بے دریغ استعمال کے باوجود بری طرح پٹ گئیں’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے بغیر حلقہ این اے 133کاضمنی انتخاب بے معنی ثابت ہوا ہے ،عوام نے ضمنی انتخاب میں ووٹ کاسٹ نہ کر کے الیکشن کمیشن کے سامنے خاموش احتجاج ریکارڈ کرایا۔

حلقہ این اے 133کے مرکزی دفترمیں پارٹی رہنمائوںاور اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انتہائی کم ٹرن آئوٹ کی وجہ سے 133کا ضمنی انتخاب جمہوریت کی اصل روح کے منافی ہے، پی پی اور (ن)لیگ کرپشن کے پیسے کے بے دریغ استعمال کے باوجود بری طرح پٹ گئیں،تحریک انصاف کے بغیر انتہائی کم ٹرن آئوٹ سے اپوزیشن کا حکومت کے غیر مقبول ہونے کا بیانیہ بھی اپنی موت آپ مرگیا ہے ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ این اے 133کی باشعور عوام نے سیاست میں غلاظت پھیلانے والوںکو یکسر مسترد کر دیا ،آصف زرداری کی کرپشن کے پیسے سے مردہ پیپلز پارٹی کو زندہ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں، عوام آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو اسی طرح کے سرپرائز دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی واضح اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائے گی ،ضمنی انتخاب سے عوام کا لا تعلق رہنا اپوزیشن کی احتجاج کی سیاست میں آخری کیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں