جمشید اقبال چیمہ

وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ،دنیا سمیت خطے کے حالات پر گہری نظر ہے‘ جمشیداقبال چیمہ

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور ان کی دنیا سمیت خطے کے حالات پر گہری نظر ہے ،موجودہ حالات میں پاکستان کو اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے اس لئے حزب اختلاف کو اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کو کچھ وقت کےلئے پس پشت ڈالنا ہوگا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خارجہ پالیسی میں توازن قائم کیا ہے اور یہ خالصتاًملک کے مفاد پر مبنی ہے ۔ پاکستان کے دنیا کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور موجودہ حکومت نے ملک کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی معاملات میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی دنیا سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر ہے ، حکومت اور ادارے ایک سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ ملک کے لئے نا گزیر ہے ۔

انہوں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنے کےلئے پر عزم ہیں اور اس میں کوئی رکاوٹ آڑے نہیں آئے گی ۔وزیراعظم عمران خان دنیا میں پاکستان کی با وقار ملک کے طو رپر پہچان بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس کے لئے معیشت کی ترقی سمیت ہر اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں