شہباز شریف ،حمزہ شہباز

آشیانہ ریفرنس ‘شہباز شریف عدالت پیش‘حمزہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور ‘سماعت 20 دسمبر تک ملتوی

لاہور (گلف آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف ‘ احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے ہمراہ احتساب عدالت پیش ہوئے، نیب کی درخواست پر کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس کی سماعت ، نیب نے شہباز شریف کے شریک ملزم کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کرایا جس پر نیب نے عدالت میں جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔ فاضل عدالت نے نیب کی استدعا پر کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں آئی جتنی اس وقت ہے۔اس مہنگائی نے ہر گھر کو تباہ حال کر دیا ہے، لوگ اس وقت ہاتھ اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے، لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، ادویات، بچوں کے دودھ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پوری قوم اس وقت ایسی صورتحال میں ہے جس سے خوف آتا ہے۔ اس موقع پر صحافی نے مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف سے سوال کیاکہ ایف آئی اے نے چالان پیش نہیں کیا؟ ۔

انہوں نے جواب دیا کہ ان کی بدنیتی سب سامنے آگئی ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاو¿سنگ اور رمضان شوگرملز ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ شہباز شریف کو بھی حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت رواں ماہ 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں