ہمایوں اخترخان

مشکلات کے باوجود عمران خان احتساب کے بیانیے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بطور اتحاد کوئی بیانیہ نہیں بلکہ ایک دو لوگوں نے نام نہاد اتحاد کو یر غمال بنایا ہوا ہے ،مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے اور آنے والے دنوں میں مزید شدت آئے گی ، اپوزیشن کی تحریک اور دیگر مشکلا ت کے باوجود وزیر اعظم عمران خان احتساب کے بیانیے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے جو ان کی ملک و قوم کے ساتھ اٹل کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے ، نواز شریف اور مریم نواز پی ڈی ایم کے کندھوں پر بیٹھ کر اپنے مستقبل کی سیاست کیلئے کوشاں ہیں لیکن انہیں کامیاب نہیںمل رہی ۔انہوںنے کہا کہ جو ملک و قوم کے لئے تحریکیں چلاتے ہیں وہ گرمی ،سردی ، دھوپ ،چھائوں اور آندھی طوفان نہیں دیکھتے اور عوام بھی پی ڈی ایم کی بڑھکوں سے آگاہ ہیں ،اپوزیشن 2023ء تک ایسے ہی ہلکان ہوتی رہے گی ۔

وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ یہ جومرضی کرلیں احتساب کے شکنجے کی گرفت نرم نہیں ہو گی اور حکومت احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں کوئی رکاوٹ یا ان پر کوئی دبائو نہیں ڈالے گی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کامیابی سے معاشی اہداف حاصل کر رہی ہے اور انشا اللہ اس کے ثمرات عوام کی زندگیوں پر بھی پڑیں گے ۔ حکومت عوام کی محرومیوں اور دکھوں کامداوا کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں