آصف علی زرداری

آصف علی زرداری کا قائداعظم کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قائداعظم کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سوچ کی فیکٹری سے غداری کے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہیں،پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنے بیان میں سابق صدر نے کہاکہ قائداعظم نہ صرف قانون دان بلکہ سیاستدان اور ترقی پسند لیڈر تھے، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ ملک بنایا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قائداعظم کے انتقال کے بعد انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کے اصولوں کی نفی کی گئی۔

انہوںنے کہاکہ جمہوریت اور جمہوریت پسند سیاستدانوں کے خلاف مہم جوئی کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ وفاق کی طرف سے غیرمنصفانہ سلوک کی وجہ سے سانحہ مشرقی پاکستان رونما ہوا۔ انہوںنے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کا حترام کیا جائے اور صوبوں کو این ایف سی ایوارڈبھی دیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سوچ کی فیکٹری سے غداری کے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں