اسد قیصر

پاکستان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے،ملک میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،اسد قیصر

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پاکستان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے،ملک میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی اظہار رائے اور مذہبی رسومات منانے پر پابندی عائد ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق دئیے جائیں،خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔

مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہندو یاتریوں کے وفد نے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری مذہبی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اقلیتی برادری کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی عوامی، پارلیمانی اور حکومتی سطح پر شدید مذمت کی جاتی ہے اور اسے کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام اپنے شہریوں کو اپنے عقیدے اور مذہبی رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں ممالک کے ساتھ خوشگوار دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی اظہار رائے اور مذہبی رسومات منانے پر پابندی عائد ہے، مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی پامالیاں بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق دیے جائیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ حکومت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ مذہبی سیاحت کے فروغ سے باہمی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک بھر میں شہریوں کو بلا رنگ ونسل اور مذہب صحت کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہندو یاتریوں کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وفد کی آمد پر پرتپاک استقبال پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کا بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس کردار قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، مذہبی سیاحت کے فروغ سے بین المذہب ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں