سعودی وزیر خارجہ

سعودی وزیر خارجہ کا چینی ہم منصب سے ایرانی جوہری پروگرام پر تبادلہ خیال

بیجنگ (گلف آن لائن) سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے چین کے شہر ووشی کے سرکاری دورے کے دوران چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ایک طویل ملاقات کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں وزرا ء نے باضابطہ بات چیت کا ایک سیشن منعقد کیا جس کے دوران انہوں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات، دو طرفہ تعاون اور مشترکہ رابطوں کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔دونوں فریقوں نے مشترکہ دلچسپی کے کئی علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں سرفہرست مشرق وسطی میں سلامتی اور استحکام کی مضبوطی، خطے اور دنیا میں دونوں دوست ممالک کی طرف سے امن کی بنیاد رکھنے کی کوششوں میں تعاون اور دیگر امور شامل ہیں۔

دونوں فریقوں نے ایرانی جوہری پروگرام اور اس سلسلے میں بین الاقوامی مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا ۔دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت اور کوششوں کے بارے میں خیالات کے تبادلے کے علاوہ افغانستان میں سلامتی اور استحکام کی ضمانت دینے والی ہرکوشش کی حمایت کی اہمیت پر بھی بات کی۔دونوں رہ نمائوں نے اعلی سطحی چین،سعودی مشترکہ کمیٹی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دوستی کے تعلقات کے نئے افق کھولنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور مملکت کے 2030کے وژن کی روشنی میں کئی شعبوں میں ہم آہنگی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے ایرانی جوہری پروگرام اور اس کے بارے میں مذاکرات کے ساتھ ساتھ افغانستان میں سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی بات کی۔سعودی وزیر خارجہ نے ٹویٹ کی کہ ہم چین کے ساتھ تعاون اور مشترکہ کام کے مختلف شعبوں میں شراکت داری اور دو طرفہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں