پروفیسر الفرید ظفر

قومی یکجہتی کے ساتھ کورونا کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی، ویکسین واحدبچاؤ ہے،پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(گلف آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے پاکستان میں اومی کرون وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکس کے علاوہ مریضوں کے لواحقین کو کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون سے محفوظ رکھنے کے لئے ہسپتال کی حدود میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے اے ایم ایس و ڈی ایم ایس کو تاکید کی کہ وہ ہسپتال آنے والے ایسے مریض و لواحقین جن کی ابھی تک ویکسی نیشن نہیں ہوئی ان کو ویکسی نیشن لازمی لگوائیں تاکہ کسی شخص سے یہ وائر س ہسپتال سٹاف کو منتقل نہ ہوسکے۔ مزید برآں تمام ڈاکٹرز وسٹاف دوران ڈیوٹی ماسک لازمی استعمال کریں اورسماجی فاصلے کا بھی خیال رکھیں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کو محدودکیا جا سکے۔

پروفیسرالفرید ظفرنے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا ویکسی نیشن کورس لازمی مکمل کروائیں تاکہ اگر کسی بیماری کی وجہ سے ہسپتال آنا پڑے تو اُن کے علاج معالجے میں کورونا ویکسی نیشن نہ ہونے کی وجہ سے رکاوٹ پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کروانا ہر شہری کی اپنی اور اہل خانہ کی صحت کے لئے ضروری ہے لہذا اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور حکومت کی طرف سے مفت ویکسی نیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر آگاہی مہم و شعور اجاگر کرنے کے باوجود بہت سے لوگ ابھی تک ویکسی نیشن کروانے کے بارے میں غیر سنجیدہ ہیں جو دیگر لوگوں کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہمیں قومی یکجہتی کے ساتھ کورونا وبا سے بچنے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی جس کا واحد بچاؤویکسی نیشن ہے۔

پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں 24گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ گائنی آؤٹ ڈور میں حاملہ خواتین کیلئے الگ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے ویکسی نیشن کروا سکیں اور اپنے ساتھ ساتھ پورے خاندان کو کورونا کے خطرے سے محفوظ کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں