یوسف رضا گیلانی کیس

یوسف رضا گیلانی کیس، درخواست گزاروں کو دلائل مکمل کرنے کا آخری موقع

اسلام آ باد (گلف آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ کا الیکشن کلعدم قرار دینے سے متعلق کیس میں درخواست گزاروں کو دلائل مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تین درخواستوں پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواستیں پی ٹی آئی کی ملیکہ بخاری، عالیہ حمزہ، فرخ حبیب کی طرف سے دائر کی گئیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل رانا انور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

معاون وکیل رانا انور نے کیس ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مرکزی وکیل بیرسٹرعلی ظفر طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کے کیس کو قابل سماعت ہونے کی درخواست پر بھی جواب جمع نہیں کرایا۔ الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ ناصر درانی نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے التوا کی درخواست کی تھی۔ یہ ہائی پروفائل کیس کافی وقت سے زیر سماعت ہے۔

الیکشن کمیشن جلد از جلد اس کیس کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ سنانا چاہتا ہے۔ ممبر سندھ ناصر درانی نے دورانِ سماعت کہا کہ آپ نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر بھی جواب جمع نہیں کرایا۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو دلائل مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدم پیشی کی صورت میں یک طرفہ کارروائی کرکے فیصلہ محفوظ کر لیں گے۔ الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ کا الیکشن کلعدم قراردینے اور ہارس ٹریڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں