چیئر مین سینٹ

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے،چیئر مین سینٹ

اسلام آباد (گلف آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے،مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی اْمنگوں کے مطابق ہوگا،اس مقصد کے حصول کیلئے اقوام عالم اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ5 فروری کا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اورلازوال قربانیوں کادن ہے جسے ملک میں بھر پور انداز میں منایا جاتا ہے یہ دن کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی اْمنگوں کے مطابق ہوگااس مقصد کے حصول کیلئے اقوام عالم اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انتہا پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 5 اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت میں تبدیلی کر کے انسانی حقوق کی پامالیوں کی بدترین مثالیں قائم کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم اور نظر بند کر دیا ہے۔ انتہا پسند بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کی نوآبادکاری کی سازش کو فروغ دے رہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وذیادتی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں سے نہ صرف بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں ہوا ہے بلکہ اس کے غیر قانونی اقدامات پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت کی موجودہ حکومت نے نہ صرف کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے ہیں بلکہ ہندوستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، تنظیمیں اور جمہوریت پسند ممالک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر موثر لائحہ عمل اختیار کر کے اقدامات لینے سے بہتری ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں