ڈاکٹر یاسمین راشد

ہر شہری کو اپنی مرضی کے ہسپتال میں دس لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی’ڈاکٹر یاسمین راشد

سرگودھا(گلف آن لائن)وزیرِ صحت پنجاب محترمہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجا ب بھر میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء موجودہ حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔جس کی فراہمی سے ہر شہری کو اپنی مرضی کے ہسپتال میں دس لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سرگودھا ریجن میں وزیراعظم عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی کے دورہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی کے تمام بڑے چھوٹے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی جدید تر سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیئے جارہے ہیں اور مستقبل میں میانوالی کے ہر شہری کو سرکاری ہسپتالوں میں بلاامتیاز علاج معالجہ و تشخیص کی جدید ترین سہولیات میسر آئیں گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے تحصیل ھیڈ کوارٹر ہسپتال کالاباغ، ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال اور زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اورڈپٹی کمشنر خرم شہزاد نیڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے دو ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے 200 بستروں پر شروع ہونے والے بلاک سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ اس پراجیکٹ کے ٹینڈر ہو چکے ہیں اس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے دورہ پر رکھا تھا۔ 41 کنال ایریا میں تعمیر ہونے والے 200 بستروں کے اس منصوبہ کی تکمیل سے ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کیلئے ساڑھے چار سو سے زائد بیڈ دستیاب ہونگے۔جس پرڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا پانچ ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر اس سال مئی تک مکمل ہو جائے گی اور ماں بچہ صحت کے حوالے سے نہ صرف ضلع میانوالی بلکہ اردگرد کے اضلاع کی عوام کو بھی علاج معالجہ کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات دستیاب ہو نگی۔

انھوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی میں 200 بستروں کے اضافے سے شہریوں کو علاج معالجہ کی سہولتوں میں مزید آسانیا ں میسر آئیں گی۔انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو اور تحصیل ھیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹر زخصوصی طور پر جلد متعین کر دیئے جائیں گے۔ وزیرصحت پنجا ب نے ڈپٹی کمشنر اور محکمہ ہیلتھ کے افسران کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات ٹراما سنٹر، ایمرجینسی وارڈ، اور لیب کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ وزیر صحت نے پانچ ارب روپے کی لاگت سے زیرتکمیل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال و نرسنگ کالج کے تعمیراتی کام کا موقع پرجائزہ لیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ڈیپ کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام ہر صورت میں اپریل 2022 تک مکمل کریں تاکہ اس ہسپتال کو عوام کیلئے فنگشنل کیا جاسکے۔

وزیرصحت پنجاب محترمہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضلع میانوالی میں صحت کی بہتری کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی عبدالرحمن المعرؤف ببلی خان اور امین اللہ خان نے سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مختلف مسائل و مشکلات اور ضروریات سے متعلق آگاہ کیا اور کئی ایک تجاویز دیں۔ جس پر وزیر صحت نے یقین دلایا کہ انشاء اللہ صحت کے حوالے سے نہ صرف تمام مسائل حل کریں گے بلکہ تمام ضروریات کی تکمیل کو بھی یقینی بنائیں گے۔ وزیر صحت پنجاب نے تحصیل ھیڈ کوارٹر ہسپتال کالاباغ کا تفصیلی دورہ کیااور ہسپتال میں موجود علاج معالجہ کی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں داخل تمام مریضوں کو ہسپتال سے ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں