ہمایوں اختر خان

اپوزیشن کی اُٹھک بیٹھک آئندہ انتخابات تک محض دل کو بہلانے کیلئے ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اُٹھک بیٹھک آئندہ عام انتخابات کے انعقاد تک محض اپنے دل کو بہلانے کیلئے ہے اور اس سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں ہے ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ اکٹھے چلنے کیلئے تیار ہیں لیکن حقیقت میں اپنے اپنے مفادات ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہے اور ماضی قریب میں اس کی مثالیں بھی موجود ہیں ، وارڈ 7کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے کارکنان عوام سے رابطے بڑھائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ7کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں حلقے کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے اکابرین نے تحریک انصاف کے امیدوارکی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ساڑھے تین سالوں میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اتحاد بنائے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود کسی طرح کی کامیابی حاصل نہیں کر سکیں ۔ اپوزیشن نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ صرف منفی پراپیگنڈا کر کے مایوسی پھیلانی ہے اور معیشت کے حوالے سے اتنا جھوٹ بولا جائے کہ سچ کا گمان ہونے لگے لیکن عوام با شعور ہیں و ہ اپوزیشن کے منفی پراپیگنڈے کو کسی خاطر میں نہیں لارہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے اپنی رپورٹس میں کہہ رہے ہیں کہ کورونا کی پے درپے آنے والی لہرو ں کے باوجود پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جس نے اپنی عوام اورمعیشت کو سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ی ہمارے ساتھ ہیں ، سیاسی رہنمائوں میںملاقاتیں ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں