حافظ حمد اللّٰہ

عمران خان اینڈ کمپنی آئی ایم ایف سے مل کر مہنگائی کی چھری سے عوام کی شہ رگ کاٹ رہی ہے،حافظ حمد اللّٰہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں، حکومت نے ان پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اور بم گرا دیا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت خون خوار بھیڑیے کی طرح عوام کا خون چوس رہی ہے، عمران خان اینڈ کمپنی آئی ایم ایف سے مل کر مہنگائی کی چھری سے عوام کی شہ رگ کاٹ رہی ہے۔پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے، ساڑھے 3 سال سے ملک و قوم پر عمران خان کی صورت میں عذاب مسلط ہے۔انہوںنے کہاکہ اس عذاب سے ملک و قوم کو نجات دلانا پی ڈی ایم کا ہدف ہے، تحریکِ عدم اعتماد وہ ہتھیار ہے جس سے عمران خان اینڈ کمپنی کو سمندر برد کر دیں گے۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کو بچانا ہے تو عمران خان کو ہٹانا ہے، عمران خان کو ہٹانے کے سوا نجات کا دوسرا کوئی راستہ نہیں۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے مہنگائی سے پریشان عوام پر پیٹرول بم گرا دیا۔وفاقی حکومت نے پیٹرول 12 روپے 03 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 53 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 43 پیسے، مٹی کا تیل 10 روپے 08 پیسے مہنگا کر دیا ہے۔اس اضافے کے بعد پیٹرول 159 روپے 86 پیسے، ڈیزل 154 روپے 15 پیسے، لائٹ ڈیزل 123 روپے 97 پیسے اور مٹی کا تیل کی 126 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں