وسیم اکرم

بابر اعظم سے بات کرنے پر ردعمل دیکھ کرحیران ہوں، وسیم اکرم

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے صدر اور مایہ ناز کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز باؤنڈری پر بابر سے بات کرنے پر ردعمل دیکھ کر حیران ہوں۔انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ رات باؤنڈری پر بابر سے بات کرنے پر ردعمل دیکھ کر حیران ہوں، میں نے بابر سے صرف یہ کہا کہ’ہمارے باؤلرز یارکر کیوں نہیں کروا رہے۔وسیم اکرم نے کپتان کراچی کنگز کی تعریف میں کہا کہ بابر ایک شاندار لڑکا ہے اور اس نے پوری کوشش کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوئے میچ کے آخری اوور میں بائونڈری لائن پر آ کر وسیم اکرم کپتان بابر اعظم کی حکمت عملی سے مطمئن نہیں تھے اور ناراضی کا اظہار کیا تھا۔وسیم اکرم اور بابر اعظم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وسیم اکرم کراچی کنگز کے کپتان پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں مسلسل آٹھ میچز ہار چکی ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں