بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی 27 فروری سے مہنگائی کے خلاف عوامی لانگ مارچ کرنے جارہی ہے ‘ بلاول بھٹو

لاہور(گلف آن لائن) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 27 فروری سے عوامی لانگ مارچ شروع کرنے جا رہی ہے،یہ مارچ اس مہنگائی کے خلاف ہے جس نے اس غریب عوام کو شدید مشکلات کا شکار بنا دیا ہے،غریب عوام کو عمران خان کی سلیکٹڈ و کٹھ پتلی حکومت نے غربت میں دھنسادیا ہے،ہر وہ پاکستانی جو سماجی انصاف چاہتا ہے اس پر اب ایک ذمہ داری ہوتی ہے اور وہ یہ ہے کہ قوم کو غربت، مہنگائی، بیروزگاری، انتہا پسندی اور ظلم و جبر کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے ہمارا ساتھ دے،پیپلز پارٹی بے آواز شہریوںکی طاقتور آواز بنتی رہے گی۔

عالمی یوم سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاو ل بھٹو نے معاشرے کے ہر طبقے کو سماجی انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہی ملک کو پرامن، ترقی پسند اور خوشحال بنانے کی چابی ہے،سماجی انصاف ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کا سنگ بنیاد ہے،ہم خواتین، مزدوروں، نوجوانوں اور اپنی معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کی جب بھی حکومت آتی ہے تو وہ عوام کو سماجی انصاف فراہم کرتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف قربانیوں کی ایک طویل تاریخ کے بعد پیپلز پارٹی اب معاشرے کے ہر طبقے میں سماجی ناانصافیوں کے متاثرین کے لیے ایک امید ہے،حکومت کے دوران ہماری جانب سے کئے گئے سیاسی خواہ انتظامی فیصلوں نے ناتواں اور کمزوروں کو اپنا بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے کے قابل بنایا،ہماری پارٹی کے بانی وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سماجی عدم مساوات کے خلاف تحریک چلائی، قائد عوام نے ملک میں پہلی بار عوام کے لئے ایک فرد ایک ووٹ کا حق حاصل کیا تھا،زیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو تو بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی پاداش میں عدالتوں کے چکر لگوائے گئے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں زچہ و بچہ کی صحت کے لیے انقلابی اقدامات کیے،صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عالمی سطح پر بھی سماجی تحفظ کے ایک ماڈل منصوبے کے طور پر سراہا جاتا ہے،پیپلز پارٹی نے سیاسی طور ایسے بیشمار اقدام اٹھائے جو ملک میں سماجی انصاف کو فروغ دینے کا موجب بنے،ان اقدامات نے ان طبقات کو بااختیار بنایا جنہیں تاریخ میں ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی بنیاد ہی ایک مقصد کے تحت رکھی گئی تھی اور وہ مقصد یہ ہے کہ پی پیپلز پارٹی تاریخی کردار ادا کرکے پاکستان کو ایک پرامن، مساوات پر مبنی و متحرک جمہوری معاشرہ بنائے گی،پیپلزپارٹی پاکستان کو مسلم ممالک کا ایک رول ماڈل ملک بنائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں