ہمایوں اختر خان

حکومت کو تر نوالہ سمجھنے والی اپوزیشن بہت بڑی بھول کا شکارہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ افغانستان سمیت عالمی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے ،حکومت کو تر نوالہ سمجھنے والی اپوزیشن بہت بڑی بھول کا شکارہے ،سیاسی انتشار کی کوششیں اپوزیشن کے اپنے مفاد میں بھی نہیں او ر عوام ایسا کرنے والوںکا کڑا محاسبہ کریں گے۔

پارٹی کے مرکزی دفتر میں حلقے کے اکابرین اور رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض رہنما شعلہ بیانی کے ذریعے اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں حالانکہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ عدم اعتماد صرف کھوکھلے دعوے ہیں ۔ اپوزیشن اپنی فیس سیونگ کے لئے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے سے گریز کرے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے لیکن یہ آئین و قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے ۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سے ہرگز غافل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس پٹاری سے عدم اعتماد نکالنے کے دعوے کر رہی ہے وہ بالکل خالی ہے اور صرف اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے تماشہ لگایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن پیشرفت کرے گی تو حکومت خاموشی سے نہیں بیٹھی گی اور انشا اللہ ناکامی اپوزیشن کا ہی مقدر ٹھہرے گی اور انہیں اس کے بعد منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے نبرد آزما ہے اور اس کیلئے ہرطرح کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں