سراج الحق

حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے،سراج الحق

مکوآنہ (گلف آن لائن )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے،پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی والے جتنی بھی امریکی وفاداری کریں، قوم انھیں اب قبول کرنے کو تیار نہیں،جلسے جلسوں پر سرکاری وسائل خرچ کر کے اور لوگوں کو پیسے دے کر لانے والے جان لیں، قوم آپ سے تنگ آ چکی ہے، ہم نے امریکا کو افغانستان میں شکست دے دی،

اب اس کے تابعداروں کو پاکستان سے بھگائیں گے،جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کریگی، ہم لوگوں کو روزگار دیں گے،عدالتوں میں انگریزوں کے نظام کی بجائے قرآن کا نظام لائینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف فیصل آباد ضلع کونسل چوک میں ایک بڑے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی کے ساتھ فیصل آباد کی تمام قیادت ہمراہ تھی ۔سراج الحق نے فیصل آباد کے عوام کی جانب سے پرجوش استقبال پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک اسلامی اور انقلابی جماعت ہے۔ ہمارا مقصد انسانوں کی دنیاوی اور اخروی فلاح ہے۔ امت کی یہ ذمہ داری ہے کہ حضور پاک کے مشن کو جاری رکھے، جماعت اسلامی یہی کام کر رہی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کے لیے باعزت روزگار کے ذرائع پیدا کریں۔جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر اللہ تعالیٰ کی بندگی کا راستہ دکھاتی ہے۔ جماعت اسلامی علاقائی اور نسلی تعصبات پر یقین نہیں رکھتی۔ ہم چاہتے ہیں کہ صدر، وزیراعظم اور بیوروکریٹس کے بچے جن سکولوں میں پڑھتے ہیں، گوٹھوں اور دیہاتوں میں رہنے والے بچے بھی انہی سکولز اور کالجز میں جائیں۔جماعت اسلامی فیصل آباد کے عوام سے اپیل کرنی ہے کہ وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں اور کسی وڈیرے، جاگیردار اور حکمران سے خوف مت کھائیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ لوگ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کریں اور سٹیٹس کو کے محافظوں کو گھر بھیجیں۔ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کو کوئی خرید سکتا ہے اور نہ ڈرا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی کا زمانہ ختم ہو گیا، اب جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی لائے گی اور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف 101دھرنوں کی تحریک جاری ہے۔

حکومت اشیائے خورودونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کرے اور گورنر سٹیٹ بنک کو گھر بھیجے۔ انہوں نے پیکا آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکمران میڈیا کو دبانے کیلئے فاشسٹ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جنھیں مسترد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں