محمد رفیق تارڑ

سابق صدر جسٹس (ر)رفیق تارڑ انتقال کر گئے

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان کے سابق صدر محمد رفیق تارڑ علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ ان کی پیدائش منڈی بہاالدین میں ہوئی تھی، انہوں نے 1951 میں پنجاب لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، رفیق تارڑ 17 جنوری 1991 سے یکم نومبر 1994 تک سپریم کورٹ کے جج بھی رہے۔

مرحوم کا شمار نواز شریف کے اہم ساتھیوں میں ہوتا تھا، ان کی بہو سائرہ افضل تارڑ اور پوتا عطا تارڑ (ن) لیگ کے اہم رہنما ہیں، عطااللہ تارڑ نے ٹوئٹر پر دادا کی وفات کی تصدیق کی ہے۔اہل خانہ کی جانب سے مرحوم کی نمازہ جنازہ کا اعلان کردیا گیا ہے۔محمد رفیق تارڑ انیس سو ستانوے میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پھر اسی سال ملک کے صدر بنے۔

ان کے دور میں صدر کے اختیارات کو بتدریج کم کیا گیا اور بالآخر تیرھویں ترمیم کے ذریعے صدر کے اختیارات میں آئین کی روح کے مطابق مکمل طور پر کمی کردی گئی۔انیس سو ننانوے میں جنرل پرویز مشرف کی طرف سے میاں نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور وہ سن دوہزار ایک تک صدر رہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں