مخدوم شاہ محمود قریشی

ہندوستان کی حرکت تشویشناک ہے، بین الاقوامی برادری کو اس حرکت کا نوٹس لینا چاہئے، مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی حرکت تشویشناک ہے، بین الاقوامی برادری کو اس حرکت کا نوٹس لینا چاہئے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ دوسری مرتبہ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی ہوئی ہے، وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بلا کر وضاحت طلب کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ 26 فروری کو بھارت نے جارحیت کی اور پاکستان نے اسے مناسب اور بروقت جواب دیا، ہم اس حرکت کو بھارت کی تکنیکی ناکامی کہیں، جارحیت کہیں یا بدنیتی کہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے 2019 میں بھی مدبرانہ ردعمل دیا، ہندوستان کی حرکت تشویشناک ہے، بین الاقوامی برادری کو اس حرکت کا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے اس حرکت سے معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے ایوی ایشن اتھارٹیز کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ سعودی ائرلائن کا جہاز ، قطر اور پاکستان کی ڈومیسٹک پروازیں نشانہ بن سکتی تھیں اور معصوم لوگ نشانہ بن سکتے تھے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی 5 ممالک کے نمائندگان کو وزارت خارجہ میں مدعو کر کے، انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے گی، ہندوستان کو اس حرکت کیلئے جوابدہ ہونا پڑے گا،ہندوستان کی وضاحت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم جارحیت کے قائل نہیں ہیں ،دفاع ہم نے کل بھی کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے، ابھینندن کی چائے ابھی ٹھنڈی نہیں ہوئی لگتا ہے انہیں پھر سے طلب ہو رہی ہے، ہندوستان میں آج ہندتوا اور اکھنڈ بھارت کی سوچ کی حامل حکومت برسراقتدارہے۔مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہندوستان کی صورتحال اتنی بگڑ چکی ہے کہ یورپی یونین پارلیمنٹ کے 21 ممبران نے اسپیکر لوک سبھا کو خط لکھا ہے، انہوں نے بھارت سرکار سے ہندوستان میں اقلیتوں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے ساتھ ناروا سلوک کی وضاحت طلب کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ہندوستان کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے، بھارت نے 26 فروری کو جارحیت کی، حقائق سب کے سامنے آ گئے لیکن دنیا مصلحتاً خاموش رہی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے افغانستان سے محفوظ انخلاء کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ بھی دنیا کے سامنے ہیں، ہم نے ہندوستان کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کے ٹھوس ثبوت ایک ڈوزیر کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے رکھے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، دوہرے معیار سے تشویش میں اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم دیکھ رہی ہے کہ ان کی حکومت ذمہ دارانہ اور آزادانہ طریقے سے ان کی امنگوں کو اجاگر کر رہی ہے، ہم جارحیت کے حامی نہیں، ہم ہندوستان سمیت اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہیں لیکن ہندوستان کا رویہ تو دیکھیں؟۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جبرو تشدد کا سلسلہ عروج پر ہے، سمندری و فضائی حدود کی خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں۔انہوںنے کہاکہ دوسری طرف پاکستان کا رویہ ہمیشہ مصالحانہ اور مدبرانہ رہا لیکن دفاع ہمارا حق ہے اور دفاع کیلئے پوری قوم تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں