جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال سرجیکل یونٹ II کے زیر اہتمام آنتوں کے آپریشن بارے “ہینڈ ز آن ورکشاپ “

لاہور(گلف آن لائن)نوجوان ڈاکٹرز کو آنتوں کی سرجری اور انہیں جدید طریقے سے جوڑنے کے عمل بارے لاہور جنرل ہسپتال سرجیکل یونٹ II میں ” ہینڈز آن” ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر آمنہ جاوید نے نوجوان سرجنز کو آنتوں کے آپریشن اور انہیں دوبارہ جوڑنے سے متعلق جدید طبی آلات کے استعمال بارے تربیت فراہم کی جبکہ ڈاکٹر شبیر احمد چوہدری، ڈاکٹر کریم اللہ،ڈاکٹر فلک شیر، ڈاکٹر فرمان علی اور ڈاکٹر قاسم علی نے اپنے تجربے کی روشنی میں ڈاکٹرز کو آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں صوبائی دارلحکومت کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سمیت ڈاکٹر آصفہ اشفاق بھی موجود تھیں۔

 پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی اپنے علم اور ٹیکنیکل تجربے کو مسلسل بڑھانے کے لئے تربیتی ورکشاپ میں شرکت نا گزیر ہے تاکہ وہ میڈیکل کی دنیا میں ہونے والی ڈویلپمنٹ اور جدید تبدیلیوں سے متعلق مکمل طور پر خود کو آگاہ رکھیں اورجدید طبی آلات کے استعمال میں انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


 پروفیسر ڈاکٹر آمنہ جاوید نے کہا کہ آنتوں کے بڑھتے ہوئے امراض،آنتوں کی ٹی بی، کینسر اور ٹائیفائیڈ، آنتوں کے زخم و السر،انٹسٹائنل سرجری کی ضرورت پیش آتی ہے اور آنتوں کو دوبارہ جوڑنا پڑتا ہے جہاں سرجن کی مہارت مریض کی جان بچانے و جلد صحت یابی کے لئے ضروری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ" ہینڈز آن"  ورکشاپ نوجوان ڈاکٹرز و سرجن کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے اور انہیں طبی آلات کے بہتر استعمال بارے معاون ثابت ہوگی لہذا ایسی ورکشاپس کا ہر شعبے میں انعقاد ہوتے رہنا چاہیے۔


 پرنسپل پی جی ایم آئی نے ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروفیشنلز کی زندگی میں تعلیم و تربیت ایک مسلسل عمل ہے جسے جاری رہنا چاہیے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے اس امر پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال پبلک سیکٹر کا ایسا شفا خانہ ہے جہاں تمام شعبوں کے ڈاکٹرز کے نالج کو اپ ڈیٹ کرنے اور تکنیکی مہارت کو بڑھانے کے لئے ورکشاپس منعقد ہوتی رہتی ہیں جس کے لئے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی یہ کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں