رمیز راجہ

آپ کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، آنکھ اوجھل نہیں کرسکتے، آسٹریلیا نے دباؤ رکھا اور آخری وقت تک ہار نہیں مانی،رمیز راجہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاک آسٹریلیا ٹیسٹ ڈرا ہونے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کی پرفارمنس پر خوش ہوں، ایک بہترین ٹیسٹ دیکھنے کو ملا۔دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کی پرفارمنس پر خوش ہوں، ایک بہترین ٹیسٹ دیکھنے کو ملا، ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی دیکھنے کو ملی۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کا ایک ہدف تھا ، میچ نہیں ہارنا، ایسے میچز آپ کے کردار کا، آپ کے اعصاب ، آپ کی ٹیم کا امتحان لیتے ہیں، پاکستان کو دو دن کھیلنا تھا اور انہوں نے کرکے دکھایا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ آپ کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، آنکھ اوجھل نہیں کرسکتے، آسٹریلیا نے دباؤ رکھا اور آخری وقت تک ہار نہیں مانی۔انہوںنے کہاکہ دنیا کی نظریں اس میچ پر جم گئی تھیں جبکہ بابر اعظم نے پریشر میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور عبداللہ شفیق کی شکل میں ہمیں ایک اچھا اسٹار ملا ، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ رضوان نے ٹیل کے ساتھ بہت اچھی کرکٹ کھیلی، امید ہے آخری ٹیسٹ میں حوصلے کے ساتھ کم بیک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ کی کارکردگی سے پاکستان کے حوصلے بلند ہوئے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں