شہباز شریف ،حمزہ شہباز

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف ،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع

لاہور(گلف آن لائن)لاہور کی سپیشل کورٹ سنٹرل نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی ،شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی ۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی اسلام آبادمیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ جنہوں نے درخواست دائر کی ہے وہ خود کہاں ہے،امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز راستے میں ہیں ابھی پہنچ جاتے ہیں ۔عدالت نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہاں ہیں انہیںبلائیں،جو ملزم پیش نہیں ہوئے ان کی ضمانت مسترد کردیتے ہیں ۔ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز باہر آگئے ہیں رش کی وجہ سے مشکلات ہیں ۔عدالت نے کہا باہر تقریر کرنے آئے ہیں یا عدالت پیش ہونے آئے ہیں ،آپ باہر جائیں اور لے کر آئیں ۔وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ پانچ منٹ میں حمزہ شہباز پیش ہوجائیں گے ۔

حمزہ شہباز عدالت میںپیش ہوکر حاضری مکمل کرائی ۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو عدالت میں پیش ہونا چاہیے، شہباز شریف کو عدالت کے احترام میں پیش ہونا چاہیے تھا، شہباز شریف اسمبلی کے سیشن سے چھٹی لے سکتے تھے۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ساری دنیا کو معلوم ہے کہ اسمبلی کا اہم اجلاس ہو رہا ہے۔ ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ اجلاس کا مطلب یہ نہیں کہ عدالت میں ہی پیش نہ ہوں۔دوران سماعت شریک ملزم چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان کے وکیل نے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے سے متعلق دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے موکل پر تو یہ کیس اعانت جرم کا بھی نہیں بنتا۔

عدالت نے کہا کہ بغیر شہادت کیسے فیصلہ ہو گا کہ آپ اعانت جرم میں ہیں یا نہیں،فرد جرم لگنے دیں تو پتہ چل جائے گا۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ فرد جرم لگی تو ٹرائل شروع ہو جائے گا۔میں نے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا جس پر ایف آئی اے نے جواب داخل نہیں کروایا ،ایف آئی اے جواب جمع کراتی اس نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ،ہم اس معاملے پر اپنا تحریری بیان جمع کروانا چاہتے ہیں ۔بینکرز کے بیانات ہمیں اب ملے ہیں ،تمام بیانات کو مکمل دیکھے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ،عدالت سے استدعا ہے کہ وہ مواد کو دیکھے کہ کیا یہ اس کا دائرہ اختیار بنتا ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے بینکنگ کورٹ میں دائرہ اختیار پر اعتراض کیوں مانا ۔وکیل نے موقف اپنایا کہ بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کے اعتراض کو تسلیم کر کے ہمیں حکم دیا کہ متعلقہ عدالت میں جائیں،عدالت کو اسی مرحلے پر دیکھنا ہے یہ کیس بنتا بھی نہیں ہے کہ نہیں ۔ محمد عثمان کے وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دائرہ اختیار کا فیصلہ کیے بغیر عدالت کو فرد جرم عائد نہیں کرنی چاہیے ۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم بھی تو یہی کہہ رہے ہیں کہ دائرہ اختیار پر بحث مکمل کریں تاکہ آگے چلیں ۔وکیلنے کہا کہ ملزم محمد عثمان کی حد تک کیس اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں ۔

عدالتی دائرہ اختیار پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں چینی کی قیمتوں کا شور مچا،اس کی انکوائری کے دوران یہ معاملہ بھی سامنے آیا،9 شوگر ملز کے فرانزک کے دوران کارپوریٹ فراڈ سامنے آیا،ایف آئی اے کے اس کیس میں دائرہ اختیار پر سندھ ہائیکورٹ کا بھی فیصلہ موجود ہے۔عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔ فاضل جج نے عدالتی دائرہ اختیار پر وکلا ء کو معاونت کے لیے بھی طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں