احسن اقبال

ہٹ دھڑمی، ضد، انا پرستی کی سیاست نے پی ٹی آئی کا بہت نقصان کیا، احسن اقبال

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے ر ہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور جمہوریت کی جیت ہے، عمران خان اب بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ، ورنہ وہ اسمبلی کے ذریعے برطرف ہونیوالے ملک کے پہلے وزیراعظم ہونگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہٹ دھڑمی، ضد، انا پرستی کی سیاست نے پی ٹی آئی کا بہت نقصان کر دیا ہے، پی ٹی آئی نے اگر استعفے دئیے تو ہم اسے ویلکم کرینگے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں سے استعفے دینگے وہاں وہاں ضمنی الیکشن ہونگے، عمران خان میں رتی برابر بھی رول آف لا اور میچورٹی کی رمک ہے تو فیصلے کو قبول کریں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر استعفی دیتے ہیں تو اس سے اچھی بات کوئی نہیں، پینل آف چیئرمین کے ذریعے اسمبلی کی کارووائی آگے بڑھائے جائے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ذریعے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائیگا، سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت کی جیت نہیں ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور جمہوریت کی جیت ہے، دعا کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی قیادت اب میچورٹی کا مظاہرہ کرے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی محاذ آرائی کو طول دے گی تو اسکا اپنا سیاسی نقصان ہوگا ، پی ٹی آئی معاشی بحران ورثہ میں چھوڑ کر جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملکر پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ نئی حکومت ملک میں زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں