مسرت جمشید چیمہ

عوام عمران خان کے اگلے لائحہ عمل کے اعلان کے شدت سے منتظر ہیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کے اگلے لائحہ عمل کے اعلان کے شدت سے منتظر ہیں اورجب عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر سڑکوں پر نکلے گا توسازش کے ذریعے آنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ،عوام کا ایک ہی متفقہ مطالبہ ہے کہ ملک میں فوری صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔

پارٹی دفترمیں ملاقات کیلئے آنے والی خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں سے سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والی حکومت کی بنیادیںہل گئی ہیں،جب عمران خان کی قیادت میں عوام سڑکوں پر باہر نکلے تو یہ خود ہی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو معلوم ہے کہ یہ شفافیت کے ذریعے کسی صورت بھی اقتدار میں نہیں آسکتے اس لئے عام انتخابات میں دھاندلی کے روایتی ہتھکنڈوں کو آزمانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے جسے عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے مطالبے اوراوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کیلئے ڈٹ کر کھڑی ہے اورنام نہاد حکومت کو کسی صورت اپنی من مرضی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں