مسرت جمشیدچیمہ

آزادی مارچ کے شہیدوں کا خون جابر حکومت کے سرہے ،رائیگاں نہیں جائیگا’مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اگرملک و قوم کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا جرم ہے تو ہم یہ جرم باربار کرتے رہیں گے ،حکومت نے ریاستی وسائل کے بل بوتے پر جس طرح تحریک انصاف کے خلاف ظلم،جبر اوربربریت کا مظاہرہ کیا اس سے ہماری تحریک کو مزید تقویت ملی ہے ، شہیدوں کا خون جابر حکومت کے سرہے اور یہ رائیگاں نہیں جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے پارٹی کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ عبوری ضمانت کیلئے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ملک و قوم کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا ہماراآئینی ، جمہوری اورقانونی حق ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔ہمیں بتایا جائے ہم نے کہاں قانون کو ہاتھ میں لیا جس پر ہمارے خلاف جھوٹے اور بے بنیادمقدمات درج کرائے گئے۔ کیا بلاول زرداری، مریم صفدراورمولانا فضل الرحمان نے ہمارے دورمیں مارچ نہیں کئے ۔مریم نواز نے قومی اداروں کے سربراہان کا نام لے کر ہرزہ سرائی کی اس کے خلاف تو کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ۔

آپ تحریک انصاف کے خلاف جتنے جبر آزمائیں گے ہماری تحریک کو اتنی ہی تقویت ملے گی بلکہ آج آپ کی صفوں سے لوگ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی صورت میں موجود وزیر انتشار سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوںگے، ان کی جو آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے وہ ساری قوم نے سن لی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے نہتے کارکنوں،خواتین ،بزرگوں پر لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی اور الٹاہمارے خلاف ہی مقدمات بھی درج کرا دئیے گئے ، بتایاجائے پانچ شہداء کا کیا قصورتھا ،ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ استحصالی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ،حقیقی آزادی کی حصول تک سیاسی میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

موجودہ حکمران استحصالی،مافیا اور غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور یہ ہمیں احتجاج سے نہیں روک سکتے۔ ہم سامراجی طاقتوں کے ایجنٹوں کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکمران اپنی زنبیل سے تشدد اورجبر کے جتنے مرضی طریقے نکال لائیں ہمیں ملک کی حقیقی آزادی کی تحریک سے ہرگز نہیں روک سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں