سینیٹر عطاء الرحمن

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کااجلاس ،سینیٹر عطاء الرحمن چیئر مین کمیٹی منتخب

اسلام آباد(گلف آن لائن)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کا چیئرمین کمیٹی کے انتخاب کیلئے اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سینیٹر سردار محمد شفیق ترین نے سینیٹر عطا الرحمن کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا۔ سینیٹرز کہدہ بابر، دنیش کمار اور دوست محمد خان نے سینیٹر عطاالرحمن کے نام کی متفقہ طور پر تائید کی۔

چیئرمین کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے اراکین کمیٹی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کے معاملات کا آگے بڑھایا جائے گا۔ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ سینیٹر عطاالرحمن نے کہا کہ وہ تمام تر منصوبہ جات جو تاخیر کا شکار ہیں ان کو بروقت مکمل کرا کے قومی خزانے کے ضیاع کو بچایا جائے گااور اہم منصوبہ جات کی پیش رفت پر بھر پور توجہ مذکور کر کے مکمل کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جات کی تکمیل سے ملک میں نمایاں ترقی وخوشحالی کا دور آئے گا۔ اراکین کمیٹی نے چیئرمین کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز کہدہ بابر، دنیش کمار اور دوست محمد خان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں