آصف علی زر دار ی

پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کریگی ، آصف علی زر دار ی

اسلام آباد (گلف آن لائن)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر شہید کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں آباد جیالوں اور ہمدردوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کرتے ہوئے ملک سے جہالت ، شدت پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کو شکست دے گی۔

اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کو غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی سے نجات دلا کر انہیں سماجی اور معاشی انصاف کی فراہمی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی کا مقصد تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنا کررہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی فلاسفی پر عمل کرکے غریب دوست معیشت کو لیکر آگے بڑھیں اور ان کی خارجہ پالیسی پر عمل کریں۔ صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی ہی سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا آج دنیا کی لیڈر شپ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قائدانہ صلاحیت اور سیاسی بصیرت کا اقرار کر رہی جو نہ صرف جیالوں اور ہمدردوں بلکہ جمہوریت پسندوں کی سیاسی اور اخلاقی فتح ہے۔، انہوں نے کہا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریات اور افکار کے مطابق مستحکم جمہوریت کیلئے ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں