صدر مملکت

صدر مملکت سے ترک سفیر کی الوداعی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ترکی کے سبکدوش ہونے والے سفیر احسان مصطفی یرادکل نے الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں ۔صدر مملکت نے کہاکہ دونوں قومیں مشترکہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی مثالی دوستانہ تعلقات کی حامل ہیں ۔

صدر مملکت نے کہاکہ امید ہے کہ باہمی طور پر فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات مستقبل میں بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے ۔صدر مملکت نے کہاکہ ترکی اور پاکستان نے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت مختلف فورمز پر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ مشترکہ کاوشوں کی بدولت اقوام متحدہ نے 15 مارچ اسلاموفوبیا سے مقابلے کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا، اسلامو فوبیا دنیا بھر میں اور بالخصوص بھارت میں بڑھ رہا ہے،ہندوستان میں تمام مذہبی اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کوبلا خوف و خطر ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کے گھروں اور عبادت گاہوں کو مسمار کیا گیا، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی علامتوں اور شخصیات کی توہین کی گئی۔ صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکی کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔

صدر مملکت نے کہاکہ دونوں ممالک قبرص، غیرقانونی بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر اور اقوام متحدہ کی تشکیل نو کے معاملے پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو اسلام آباد میں اپنی مدت ملازمت کی تکمیل پر مبارکباد بھی دی ۔صدر مملکت نے پاک ترک دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں سفیر کے ذاتی کردار کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں