وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد کی ملاقات ، سی پیک سمیت مختلف امورپر غور

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی جس میں سی پیک سمیت مختلف امورپر غور کیا گیا ۔ اعلامیہ کے مطابق نورینکو پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو بھی سراہا۔ اعلامیہ کے مطابق اورنج لائن ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ رزیر اعظم نے کہاکہ یہ پہلی بار تھا کہ جی ٹو جی پروجیکٹ یعنی لاہور اورنج لائن میں کھلی بولی لگائی گئی، وزیراعظم نے کہاکہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ مزید مذاکرات سے 600 ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ یقیناً پاکستان کی ترقی کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔

اعلامیہ کے مطابق چینی وفد کی قیادت نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر مسٹر وانگ شیاؤ بنگ اور سی ای او نورینکو انٹرنیشنل (پاکستان) مسٹر لی چن نے کی۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر، چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ موجود تھے۔ اعلامیہ کے مطابق وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششوں کی تعریف کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے عظیم دوست ہیں۔چینی وفد نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاروباری دوست پالیسیوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنایا۔ اعلامیہ کے مطابق نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع میدان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔

اعلامیہ کے مطابق چینی وفد نے ٹھٹھہ میں 100 میگاواٹ کے ونڈ کوریڈور میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی ظاہرکی۔چینی وفد نے ریلوے لائنوں کے ساتھ فائبر آپٹک، ثابت شدہ ذخائر پر تانبے اور لوہے کی کان کنی اوربڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری پرگفتگوکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں