شیرانی ،مسافر کوچ

شیرانی ،مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 19افراد جاں بحق ، درجن سے زائد زخمی ، متعدد کی حالت تشویشناک

کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی ) بلوچستان اور خیبر پشتونخوا کے سرحدی علاقے میں مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 19افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں پہنچادیا گیا جہاں نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوچ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے ۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح شیرانی سے متصل خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں مغل کوٹ دانا سر کے مقام پر پیش آیاجو بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع یہ پہاڑی علاقہ دشوار گزار ہے جہاں بارش کے بعد سڑک پر پھسلن ہو رہی تھی۔ اسی پھسلن اور تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

انہوں نے کہا کہ کئی سو فٹ گہری کھائی میں گرنے اور بھاری پتھروں سے ٹکرانے کے باعث بس تباہ ہو گئی اور کئی مسافر اس میں بری طرح پھنس گئے جنہیں نکالنے میں امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔حادثے میں 19افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ، جاں بحق ہونے والوں میں محمد نواز ولد عاصم خان ، سرور خان ولد عاصم خان ، پار محمد ولد اللہ داد ، ذوالفقار ولد گل بہار ، محمد ابراہیم ولد گل محمد ،حبیب اللہ ولد محمد خان ، عصمت اللہ ولد علی محمد ، بہاﺅالدین ولد عبدالحمید ، نور شاہ ، علاﺅ الدین ولد عبدالکریم ، عامر حمزہ ولد محمد لاج ، سید عتیق الرحمن ولد سید سعداللہ ، عبدالوارث ولد سراج الدین ، ھومانی ولد حنرگل ، محمد ادریس ، عزیز اللہ ولد امین اللہ ، حضرت ، فدا محمد اور انوارلحق شامل ہیں جائے حادثہ پر بلوچستان کے میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر 1122، خیبر پختونخوا کی ریسکیو 1122 اور ایف سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ژوب منتقل کیا۔

1122شیرانی کے سیکٹر انچارج رفیع اللہ مندوخیل کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جن میں بیشتر کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی جگہ سے قریب ترین ہسپتال 80 کلومیٹر دور ژوب میں تھا، گہری کھائی سے نکالنے اور فاصلہ طویل ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔انہوں نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ۔ ذرائع کے مطابق حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں بیشتر عید منانے اپنے آبائی علاقوں کی طرف جا رہے تھے۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی مسافروں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ژوب اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں