مسرت جمشید چیمہ

پریڈ گرائونڈ جلسے نے کرپٹ ایسوسی ایشن کے سیاسی تابو ت میں آخری کیل ٹھونک دیا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے پریڈ گرائونڈ میں کامیاب جلسے نے کرپٹ ایسوسی ایشن کے سیاسی تابو ت میں آخری کیل ٹھونک دیا ہے ،وزیر انتشار پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی آپ کی دھونس اور جبر سے ہرگزمرعوب نہیں ہوگی ،ضمنی انتخابات میں جھرلو پھیرنے کیلئے شہباز شریف نے ماڈل ٹائون میں بیٹھ کر حکمت عملی وضع کی ہے لیکن عوام اب اپنے ووٹ پر خود پہرہ دیں گے۔

اپنے بیا ن میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم نواز کے لاہور کے جلسے کیلئے صوبائی حکومت کے وسائل کو پانی کی طرح بہایا گیا اور پانامہ رانی کا یہ کہنا کہ جتنے لوگ پریڈ گرائونڈ میں جمع ہیں اس سے زیادہ پی پی 167میں جمع ہوئے کے بیان سے عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی گئی۔ عوام نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ پریڈ گرائونڈ میں کتنے لوگ تھے جبکہ پی پی 167میں عوام کی بجائے سرکاری وسائل کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا ۔

انہوںنے کہا کہ مریم نواز جب بھی باہر نکلی ہیں تباہی سے دوچار اپنی پارٹی کی سیاست کا مزید سوا ستیا ناس کیا ہے اور اب ان کا ضمنی انتخابی مہم کے لئے باہر نکلنا تحریک انصاف کیلئے کامیابی کی نوید ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کے وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ جانے والے خاندان کی ہونہار صاحبزادی جتنی مرضی قسمیں کھا لیں عوام اب ان پر یقین کرنے کے لئے تیار نہیں اور ان کی سیاست جلد سمندر برد کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں