عارف علوی

پائیدار اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے آبادی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ،عارف علوی

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پائیدار اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے آبادی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ،خوشی ہے پاکستان اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک آبادی سے متعلق مسائل کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے 1989 سے عالمی یوم آبادی منا رہے ہیں،نومبر 2022 میں دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچ جائے گی۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو غربت، صحت کے مسائل، ناخواندگی، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے، جنس، عمر ، نسل، معذوری، طبقے اور مذہب پر مبنی تعصبات پر قابو پا کر مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایجنڈا 2030 کے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنی آبادی میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھ کر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،آبادیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہمیں اعداد و شمار پر مبنی منفرد ردعمل تیار کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے آبادی اور بہبود آبادی کے موضوع کو اولین ترجیح دی ہے، آبادی سے متعلق مسائل کے جامع حل کیلئے مشترکہ مفادات کونسل نے صوبائی اور علاقائی حکومتوں کی مشاورت سے آٹھ سفارشات اور نیشنل ایکشن پلان کی منظوری دی ہے، اعداد و شمار کے مطابق مانع حمل مصنوعات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں تقریبا نصف حمل ان چاہے ہوتے ہیں، پاکستان اس مسئلے پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہا ہے اور قلیل مدت میں بڑھتی آبادی کو بڑی حد تک کم کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان تمام اسٹیک ہولڈرز اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات اور آبادی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، خوشی ہے کہ صوبائی اور علاقائی حکومتیں، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور نجی شعبہ ملک میں آبادی اور ترقی کے ایجنڈے کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں