اسلام آباد ہائیکورٹ

حکومت نے عمران خان کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی

اسلام آباد (گلف آن لائن)حکومت نے عمران خان کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ اپیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ۔وفاق کی اپیل میں موقف اختیار کیاگیاکہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے، ٹرائل کورٹ نے جلدبازی میں فیصلہ کیا، کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہاگیاکہ عمران خان کے ارتکابِ جرم کے کافی دستاویزی اور ویڈیو شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں۔ درخواست میں کہاگیاکہ ٹرائل کورٹ نے عینی شاہدین کے بیانات کو نظرانداز کر کے عمران خان کو بری کیا۔ درخواست میں کہاگیاکہ پبلک پراسیکیوٹرز نے خلاف قانون عمران خان کی بریت کی حمایت کی،ٹرائل کورٹ نے وقوعے کے متاثرین کو نوٹس کیے اور سنے بغیر عمران خان کو بری کیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے 29 اکتوبر 2020 کو عمران خان کو پارلیمنٹ حملہ کیس میں بری کیا تھا،شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور اسد عمر کی بریت کے خلاف بھی اپیل دائر کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں