محمود خان

سیلاب متاثرین کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، محمود خان

ٹانک (گلف آن لائن )وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پائی کے سیلاب متاثرین کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑیگی، سیلاب متاثرین کی کی دوبارہ آباد کاری کیلئے حکومت اور ادارے تمام وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں ،سیلاب کے دنوں میں متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے میں سیکورٹی فورسز ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام اداروں کا کردار مثالی رہا ہے ،پائی متاثرین کی آباد کاری کے لئے صوبائی حکومت 20 کروڑ روپے کا خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کر رہی ہے تاکہ گھروں سے بے گھر ہونیوالے افراد کو دوبارہ سے اپنے گھروں میں بسایا جا سکے ،پائی دورے کا بنیادی مقصد سیلاب متاثرین کے غموں میں شامل ہونا ہے ۔وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خا ن نے یہ بات ہفتہ کے روز دورہ پائی کے موقع پرسیلاب متاثرین سے خطاب کے دوران کہی ۔

وزیر اعلی کی پائی آمد کے مو قع پر ضلعی و پولیس انتظامیہ،پاک فوج اور ایف سی ساتھ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات اٹھا ئے گئے تھے ۔وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے پہلے پائی کا فضائی دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پرصوبائی وزیر ریلیف اقبال وزیر بھی ان کے ہمراہ تھے ،ہیلی پیڈ پر سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور،کمشنر ڈیرہ عامر آفاق،ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ شوکت عباس،ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خٹک،ضلعی پولیس سربراہ وقار احمد،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عرفان کنڈی،فرقان کنڈی،شیر بہادر،ملک بجیب محسود، رمضان شوری اور فرحان حکیم نے وزیر اعلی کا استقبال کیا ۔ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خٹک نے پائی اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے بارے میں وزیر اعلی کو تفصیلی بریفنگ دی ،بریفنگ کے موقع پر کمشنر ڈیرہ،سیکٹر کمانڈر ساتھ،ڈی آئی جی ڈیرہ،ضلعی محکموں کے سربراہوں،صوبائی محکموں کے اعلی حکام موجود تھے۔وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا کہ 2010کے سیلاب نے بھی ٹانک میں بڑی تباہی مچائی تھی لیکن اس وقت کے وزیر اعلی نے ٹانک آنے کی زحمت گواراہ نہیں کی اور لوگوں کو اللہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا لیکن موجودہ صوبائی حکومت کسی بھی صورت میں اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کو غم کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی پائی سمیت صوبہ بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائیگا 2010کے سیلاب میں بھی موجودہ سیلابی صورتحال میں دیگر محکموں کی طرح پاک فوج کا امدادی کاروائیوں میں مثالی کردار رہا ہے انہوں نے کہا کہ پائی کے سیلاب متاثرین کی امداد کو یقینی بنانے کے لئے آبادکاری کے کاموں میں گھروں کے نقصانات کے سروے کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرکے شفاف بنایاجائیگا اور سروے ٹیموں میں علاقائی مشران کی شمولیت کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ مستحق متاثرین کی مدد کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تک پہنچایا جاسکے سروے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ،

پائی کے علاقہ کو مذید نقصانات سے بچانے کیلئے حفاظتی بند تعمیر کیا جائیگا اور اس کیلئے جلد سروے پر کام شروع کر دیا جائیگا وزیر اعلی کا مذید کہنا تھا کہ ٹانک ایک پسماندہ علاقہ ہے اور سالوں سے اس علاقہ پر حکومت کرنے والوں نے اس کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ہے موجودہ صوبائی حکومت ٹانک کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے پینے کے پانی سمیت ٹانک زام جیسے کثیر المقاصد منصوبوں پر کام کر رہی ہے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ٹانک زام ڈیم سے ٹانک شہر کیلئے 12کلو میٹر پانی کی پائپ لائن بچھائی جائیگی جس پر 75کروڑ روپے لاگت آئیگی جس سے پینے کیپانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا

وزیر اعلی محمود خان نے اس موقع پر سیلاب سے منہدم ہونیوالے گھروں کیلئے 4لاکھ روپے اور جزوی طور پرمتاثر ہونے والے گھروں کے متاثرین کو ایک لاکھ 60ہزار روپے کا اعلان کیا جبکہ سیلاب سے شہید ہونیوالے افراد کے ورثا کو 8 لاکھ روپے بھی دینے کا اعلان کیا اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے شہید افراد کے خاندانوں میں چیک تقسیم کئے اور شپدا کے لئے خصوصی دعا کی شہریوں کی جانب سے وزیر اعلی کے پائی کے دورہ کو سراہا ہے وزیر اعلی نے ٹانک کے دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لئے پچاس کروڑ روپے کی خطیر رقم دینے کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں