لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ عبرت ، ذلت اور شکست کی پہچان چکا ہے ، اب پیپلز پارٹی سمیت دیگر اتحادی بھی بھاگ جائیں گے کیونکہ ان میں خوف پیدا ہو گیا ہے کہ اگر (ن) لیگ کے ساتھ رہے تو ہار مقدر بن جائے گی ، عمران خان نے (ن)لیگ والوں کو ان کے گھر میں گھس کر سیاسی مار ماری ہے ،پی ٹی آئی نے (ن)لیگ کے قلعے کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔
ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر مبارکباد دینے آنے والے پارٹی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لوٹے اور ان کے سہولت کار ایک دوسرے کے گلے لگ کر اپنا غم ہلکا کر لیں، عوام نے عالمی سامراج اور ان کے ایجنٹوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود پی ڈی ایم کا اجتماعی سیاسی جنازہ نکل گیا ،(ن) لیگ والے اب لوٹوں کے سیاسی لاشے اٹھائیں پھرتے رہیں۔
انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے عبرتناک شکست کے باوجود اسے تسلیم کرنے کا اعلان نہ کرتے تو کیا کرتے ،لیگی عوام کو اپنا غلام سمجھتے تھے اور یہ عوام اور آگے ان کی اولادوں کو غلام بنا کر رکھنا چاہتے تھے لیکن عوام نے شعور کا ثبوت دیا اور ان کی بادشاہت کو ووٹ کی ٹھوکر پر رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات ہیں مریم صفدر قرنطینہ میں رہ کر بھرپورجشن منا رہی ہیں اور ان کا دھڑا بھی حمزہ شہباز کی ناکامی پر خوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ دوبارہ پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا۔



