سپریم کورٹ

توہین عدالت کیس میں رانا ثنا اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد(گلف آن لائن) سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس میں رانا ثنا اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع کرادیا گیا۔ سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو دھمکانے پر رانا ثنا اللہ ، عطا تارڑ، مریم اورنگزیب کے خلاف پرویز الہی کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے رانا ثنا اللہ کے بیان کی اخباری خبر اور ٹی وی ٹاک شو کی ٹرانسکرپٹ طلب کر لی۔

پرویز الہی کے وکیل نے بتایا کہ پریس کانفرنس اور ٹاک شو کے ذریعے پی ٹی آئی اراکین صوبائی اسمبلی کو دھمکایا گیا۔ عدالت نے پریس کانفرنس،ٹاک شو میں کی گئی گفتگو کا اصل ٹرانسکرپٹ طلب کیا۔ جس پر پی ٹی آئی وکلا نے 18 جولائی کی پریس کانفرنس سے لیا گیا رانا ثنا اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع کرا دیا۔ انہوں نے استدعا کی کہ کیس کل سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکام کی جانب سے یکم جولائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جس پر ان کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں