اشرف بھٹی

وزیر اعظم بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز عائد کرنے کا نوٹس لے کر انہیں ختم کرائیں ‘ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بغیر مشاورت مرتب کی گئی پالیسیوں کی وجہ سے تاجروں کیلئے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز عائد کرنے کا نوٹس لے کر انہیں ختم کرائیں ، اگر ہمارے مطالبات کی شنوائی نہ ہوئی تو تاجر تنظیمیں ایک سے دو روز میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی جس میں شٹر ڈائون اور احتجاج کی کال دی جا سکتی ہے۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک میں ایسی کوئی جگہ نہیں ہے جہاں کاتاجر بجلی کے بلوں میں عائد کئے گئے ٹیکسز کے خلاف سراپا احتجاج نہ ہو ۔ تاجر برادری کوموجودہ حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اس لئے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف تاجروں کی گزارشات کو زیر غور لائیں گے اور بلوں میں عائد کئے گئے بھاری ٹیکسز واپس لینے کے احکامات جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کو جو بل بھجوائے گئے ہیں وہ اسے ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے اس لئے اس پر فوری عملی اقدام کرتے ہوئے بلوں سے ٹیکسز کی کٹوتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تنظیمیں تاجروں کے حقوق کیلئے یک زبان ہیں ، تاجر تنظیموں کے آپس میں رابطے جاری ہیں اور آئندہ کے لائحہ عمل میں ایک سے دو روز میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں