خواجہ ذکاء الدین

پاکستان ہاکی لیجنڈ کھلاڑی اولمپین خواجہ ذکاء الدین کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے خراج تحسین

لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان ہاکی لیجنڈ کھلاڑی اولمپین خواجہ ذکاء الدین کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین، اولمپین ناصر علی، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر، ڈی ایس پی قدیربشیر انٹرنیشنل کی لیجنڈ اولمپین خواجہ ذکاء الدین کے گھر آمد پر سلمان ذکاء نے انکا پرجوش استقبال کیا۔ خواجہ ذکاء الدین نے شرکاء کو دیکھ کر خوشگوار حیرت و خوشی کا اظہار کیا۔

اس دوران حیدر حسین اور خواجہ ذکاء الدین کی ملاقات کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اولمپین خواجہ ذکاء الدین کی قومی کھیل کے لئے گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اس سلسلہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین کی سربراہی میں پی ایچ ایف وفد نے لیجنڈ اولمپین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اولمپین خواجہ ذکاء الدین کی پاکستان ہاکی کے لئے خدمات پر سپاس نامہ پیش کیا۔ کرنل ر آصف ناز کھوکھر نے لیجنڈ اولمپین خواجہ ذکاء الدین کو سپاس نامہ پڑھ کر سنایا۔ اولمپین خواجہ ذکاء الدین نے اس موقع پر سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین اور دیگر وفد کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شرکاء وفد کے ساتھ ہاکی سے وابستہ یادوں کو تازہ کیا اور ماضی کے واقعات سنائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کی آمد پر بہت اچھا محسوس کررہا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی آمد سے میرا دل باغ باغ ہوگیا اور آج مجھے نیند بھی بہت اچھی آئے گی۔ اولمپین خواجہ ذکاء الدین 1936 میں انڈیا کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے۔ ایک بہترین کھلاڑی کے طور پر انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم میں مقام پایا اور قومی کھیل کی نمائندگی کرتے ہوئے 1960 روم اولمپکس میں گولڈمیڈل 1964 ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل، 1958 اور 19662 ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز اور 1966 بنکاک میں ہونے والی ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کیا۔

اولمپین خواجہ ذکاء الدین کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلی سول اعزاز پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا جبکہ اولمپین خواجہ ذکاء الدین نے بطور ہیڈ کوچ اور مینجر قومی ہاکی سکواڈز کے ساتھ بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ خواجہ ذکاء الدین اولمپین ناصر علی سمیت سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کے بھی کوچ اور منیجر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں