بلاول بھٹوزرداری

غیرمسلم شہری بھی ملک کے برابر کے شہری ہیں، 1973 کا آئین تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے، بلاول بھٹوزرداری

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیرمسلم شہری بھی ملک کے برابر کے شہری ہیں، 1973 کا آئین تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔انتہاپسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کا سدباب بھی عالمی برادری کے فراخدلانہ و بے لوث تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پربلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو برابر سمجھتی ہے، اور 1973 کے آئین کی رو سے پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریئہ پاکستان کی حقیقی و واحد وارث پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کی اساس مذہبی آزادی، مساوات اور سماجی انصاف ہے۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو پارلیامینٹ، بیوروکریسی اور زندگی کے دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمائندگی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بیشمار بنیادی و نتیجہ خیز اقدامات کیئے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ حکومت کے دوران وزارت برائے اقلیتی امورقائم کی، تاکہ اقلیتوں کے مسائل جلد از جلد حل ہوسکیں، ان کے حقوق کو تحفظ اور ان کی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2009ع میں صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست کو ہر سال بطور اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1947ع میں اسی دن قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی مشہورِ زمانہ تقریر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم غیر مسلموں کے متعلق قائداعظم کی تقریر کے ہر ایک لفظ پر قائم ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت قائداعظم کی سوچ و فکر کی روشنی میں پاکستان کو مساوات، پرامن، خوشحال اور ترقی پسند ملک بنانے کے لیئے سرگرم عمل رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں