مسرت چیمہ

ڈرائیور کی دس ماہ کی بچی کی تصویر نے ملک کے نظام کی چولیں ہلا دی ہیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن) وفاق میں بیٹھے حکمران ٹولے کے فسطائیت پر مبنی ہتھکنڈے عوام کے دلوں میں ان کیلئے نفرت کو مزید بڑھا رہے ہیں ،عمران خان اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ملک کے مستقبل کی جنگ لڑر ہے ہیں اس لئے پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے ، شہباز گل کے ڈرائیور کی دس ماہ کی بچی کی تصویر نے ملک کے نظام کی چولیں ہلا دی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مہنگائی کی شرح38.67فیصد تک پہنچ چکی ہے جو تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے ،ہم قحط اور دیوالیہ ہونے کی طرف اکٹھے بڑھ رہے ہیں ،ڈالر کی قیمت185سے190پر ہونی چاہیے تھی،انہوں نے ڈالر کی قیمت جان بوجھ کر بڑھا کر لمبی دہاڑیاں لگائی اور اب واپس لا کر کہا جارہاہے کہ معیشت ٹھیک ہو رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کا بت بنایا گیا تھاکہ وہ بڑا ایڈ منسٹریٹر اور وژن رکھنے والا لیڈر ہے لیکن یہ بت پہلے مہینے ہی ٹوٹ گیا ، چار ماہ میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہی مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ، سب کو لیول پلینگ فیلڈ دیا جائے جوعدالتیں اور الیکشن کمیشن دے ۔ جو قانون نواز شریف کے بیٹے کے لئے ہے وہی شہباز گل کے لئے بھی ہونا چاہیے وہی ڈرائیور کی بیوی کیلئے بھی ہونا چاہیے تھا لیکن وہ نظر نہیں آرہا ۔

چند لوگ جو موٹی دیواروں کے پیچھے بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں ان کا قوم کو نقصان ہوگا ، جمہوریت اس ملک کا چلن ہونا چاہیے ،قوم جس کو سامنے لائے اسی کو حکومت کرنے دی جائے تبھی ملک آگے بڑھے گا، مینڈیٹ کا احترام شروع کر دیں تو جمہوریت کے ثمرات تک بھی پہنچ جائیں گے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈے چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران خان کون سی جنگ لڑ رہا ہے ، یہاں اسٹیٹس کو ، اشرافیہ ، بلیک میلر اورسسیلین مافیا کے لیء قانون اور نظام اور ہے اور غریب آدمی کے لئے قانون اور ہے ،دس ماہ کی بچی کی تصویر نے اس نظام کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں ، یہ تصویر نظام کا منہ چڑھا رہی تھی ،ان ظالموں کامنہ چڑھا رہی تھی ۔ ایک طرف کاسمیٹک دیوی آکر ملک کے تمام اداروں اور ان کے سربراہان کو اپنے ہرزہ سرائی سے نیست و نابود کرتی لیکن اس کو کچھ نہیں کہا جاتا ہے ۔نظام چیخ چیخ کر بتا رہا ہے کہ کاسمیٹیک دیوی کو اس کے باپ کی عیادت کے لئے چھٹی دی گئی اور وہ بیماری کے بہانے باہر گیا اور واپس نہیں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جھوٹے سرٹیفکیٹ پر نا اہل کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے ،ہم بتانا چاہتے ہیں کہ یہ خام خیالی ،خواہش کے لئے اورخواب دیکھنے کے لئے تو اچھی چیز ہے لیکن اس پر عمل کرنا تمہارے بس کی بات نہیں، کالے قانون سے فیصلہ کرنے کی جرات نہ کرنا ورنہ قوم تمہیں ایسا سبق سکھائے گی جو کبھی آپ نے کبھی خواب میں بھی نہیںسوچا ہوگا، آپ اس کو جتنا جلدی سمجھ لیں گے آپ اپنی ذلالت کو اتنا کم کریں گے اور اگر طول دیں گے توآپ کے لئے یہ مشکل اور ذلالت پر مبنی ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ کرائے کی کنیزیں اور حواری جو ان کی گاریوں کے سامنے دھمالیں ڈالنے والے ہیںانہیں بتانا چاہتے ہیں کہ آپ اپنی حد میں رہے ، کیوں آپ لوگ اسلام آباد میں پناہ لے کر بیٹھے ہیں، ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، ہم جھوٹے مقدمات اور دہشتگردی کے مقدمات نہیں بنائیں گے ۔

پچیس مئی اور ماڈل ٹائون کے واقعات ہی آپ کو نکیل ڈالنے کیلئے کافی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اپیل ہے عوام 13اگست کے جلسے میں پہنچیں، ہمارا لیڈر ہمیں جو بھی ڈائریکشن دے گا ہم اس کے مطابق چلیں گے۔عمران خان حقیقی آزادی کے لئے اوراپنی آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے لائحہ عمل دیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں